انبالہ/سونی پت،12/اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کانگریس کو ’بغیر ڈرائیور والی ٹرین اور بغیر پائلٹ والے طیارے‘ کی طرح بتاتے ہوئے طنز کیا کہ اپوزیشن پارٹی کے پاس کل وقتی صدر تک نہیں ہے۔آدتیہ ناتھ نے بی جے پی کی حمایت میں ہریانہ میں انتخابی ریلیوں کو خظاب کیا جہاں پارٹی 21 اکتوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد ایک بار پھر اقتدار میں لوٹنا چاہتی ہے۔یوگی نے کانگریس پر ٹکٹ بیچنے کا بھی الزام لگایا۔یوگی نے ایک انتخابی ریلی میں کہاکہ کانگریس کی حالت بغیر ڈرائیور والی ٹرین اور بغیر پائلٹ والے طیارے کی طرح ہے کیونکہ راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا اور چار ماہ بعد بھی پارٹی میں صدر نہیں ہے۔راہل گاندھی نے جب اپنا استعفی واپس لینے سے انکار کر دیا تو کانگریس نے سونیا گاندھی کو عبوری صدر بنایا تھا۔انبالہ، سونی پت، جیند اور پنچکولا میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے الزام لگایا کہ جب کانگریس ریاست میں اقتدار میں تھی، تب وہ بدعنوانی میں ملوث رہی۔بی جے پی لیڈر نے ملک کا قدر بڑھانے اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ پہلے ہندوستان پر حملے کی دھمکی دینے والے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اب گڑگڑا رہے ہیں کہ ہندوستان کو ان پر حملہ نہیں کرنا چاہئے۔آدتیہ ناتھ نے راہل گاندھی پر ملک سے بھاگنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کانگریس لیڈر آئندہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے آگاہ ہو گئے ہیں۔حالانکہ راہل گاندھی ملک میں ہی ہیں اور وہ اس ہفتے ایک عدالت کے سامنے بھی پیش ہوئے تھے۔ بالواسطہ طور پر آدتیہ ناتھ نے کانگریس کے باغی اشوک تنور کی طرف سے عائد الزامات کا بھی حوالہ دیا۔آدتیہ ناتھ نے الزام لگایاکہ فروخت کے لئے کانگریس کے پاس نہ تو ملک ہے اور نہ ہی ہریانہ، لہٰذا اب پارٹی کے لیڈر ٹکٹ اور اپنی پارٹی فروخت کر رہے ہیں۔